محمد عربیﷺ کے فالوور کہاں ہیں؟ محمد توصیف قاسمی

Spread the love

محمد عربیﷺ کے فالوور کہاں ہیں؟

محمد توصیف قاسمی

کل ایک خبر نظر سے گذری ، مشہور فٹبالر کرسٹینو رونالڈو نے ایک پریس کانفرنس کے دوران سامنے رکھی کوکا کولا کی دو بوتلوں کو اٹھا کر کنارے کردیا اور پانی کی بوتل اٹھا کر کہا کہ اسے استعمال کرو ۔

محض اتنے سے عمل سے معیشت کی دنیا میں ایک بھونچال آگیا ۔

مجھے بچپن میں کرکٹ کا شوق تھا ، فٹبال کبھی ہی کھیلا ، مگر بڑے ہوکر یہ سمجھ میں آیا کہ اگر حفظان صحت و ورزش کے نظریہ سے کھیلنا ہے تو فٹبال کرکٹ سے بہتر ہے ۔

خیر یہ جملہ معترضہ تھا ، تو رونالڈو کے کوک کو کنارے کرنے سے کوکا کولا کمپنی کو کروڑوں نہیں عربوں ڈالر کا نقصان ہوگیا ۔

تفصیل اس کی یہ ہے کہ ایسا کرتے ہی کوکا کولا کے شئیرز 56.10 سے گھٹ کر 55.22 ڈالر ہوگئے ، یعنی 1.6 کی گراوٹ، کوکا کولا کی مارکیٹ ویلیو 242 ارب ڈالر سے گر کر 238 ڈالر ہوگئی ،یعنی سیدھے 4 ارب ڈالر کا نقصان ، جو ہندوستانی روپے کے اعتبار سے تقریبا ساڑھے 29 ہزار کروڑ روپے کا نقصان ہے ۔

مجھے اس کی فین فالوونگ پر رشک آیا ، واضح ہو کہ رونالڈو نے بوتلیں پھینکی نہیں، بس کنارے ہی کی تھیں ۔

خبروں کی دنیا میں جو دکھائی دیتا ہے وہ پورا سچ نہیں ہوتا ، کچھ چھپا دیا جاتا ہے ، کچھ خود ملا جلا کر سمجھنا پڑتا ہے، آج کا سلیبریٹی اسٹارڈم اتنا زبردست بن چکا ہے کہ وہ بلا غرض ایک ٹویٹ اور سوشل میڈیا پوسٹ بھی نہیں کرتا ، تو ایسے میں رونالڈو کے اس عمل کو اتفاق کہنا مشکل ہے ۔

مگر اتنا کون سوچتا ہے ، پھر فین ، وہ تو اپنے اسٹار کی اداووں پر مرتے ہیں ، ان کے تصور میں یہ سب کہاں ۔

اس سے ایک بڑا پیغام تو یہ ملتا ہے کہ جب کسی وجہ سے کسی پروڈکٹ یا کمپنی وغیرہ کے بائیکاٹ کا کال دیا جاتا ہے تو اس کا اثر پڑتا ہے یا نہیں ؟ اس کا جواب ملتا ہے ، کہ ہاں بائیکاٹ کا اثر تو ضرور پڑتا ہے، اب اس میں اتنا ہی نقصان ہوتا ہے یا نہیں ؟ تو اس کا جواب بائکاٹ کی کمیت و کیفیت پر موقوف ہے ۔

دوسری بات جو مجھے اس خبر سے ذہن میں آئی وہ یہ تھی کہ محمد عربیﷺ کے فین و فالوور کہاں ہیں؟

آج کے مادہ و غرض پرست سلیبریٹی تو اپنے نفسانی مقاصد کے لئے ایک کال دے دیں تو فین یہ کردیں، اور کمپنیوں کو ایسا نقصان ہوجائے ، اور محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم جنھوں نے اس امت کے لئے راتوں کو رو رو کر دعائیں کیں، اپنے پیر سوجا دیے ، آنکھیں لال کردیں، صرف اور صرف اپنی امت کی فلاح و بہبود کے لئے، انھوں نے بہت ایسی چیزوں سے منع کیا ہے جو ہمارے ہی لئے دنیا و آخرت میں نقصان و گناہ کا سبب ہے ،تو آج محمد عربیﷺ کے فالوور کہاں ہیں؟


جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے