ایڈیشنل چیف سکریٹری اور ضلع مجسٹریٹ سمیت اعلیٰ افسران نے کیا دارالعلوم دیوبند کا دورہ۔

Spread the love

ایڈیشنل چیف سکریٹری اور ضلع مجسٹریٹ سمیت اعلیٰ افسران نے کیا دارالعلوم دیوبند کا دورہ۔

دیوبند:(اسلامک میڈیا دیوبند) ایڈیشنل چیف سکریٹری اور نوڈل آفیسر رجنیش دوبے اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سمیت اعلیٰ افسران عالمی شہرت یافتہ اسلامی تعلیمی ادارہ دارالعلوم دیوبند پہنچے اور مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی و دیگر ذمہ داران سے ملاقات کر دارالعلوم دیوبند کی خدمات کو ستائش کی۔
جمعہ کو دارالعلوم دیوبند پہنچے ایڈیشنل چیف سکریٹری رجنیش دوبے اور ضلع مجسٹریٹ اکھلیش سنگھ نے دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی اور دیگر ذمہ داران سے ملاقات کے ساتھ ادارہ کا دورہ کیا اور یہاں کی تاریخی لائبریری میں موجود قیمتی اور نایاب کتابوں کو دیکھ کر اُنکی خوب تعریف کی۔

اس موقع پر مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے افسران کے سامنے دارالعلوم دیوبند کی تاریخ پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ یہ ادارہ 1866 میں قائم ہوا تھا جس نے ملک کی آزادی میں بنیادی کردار ادا کیا ہے اور آزادی کے بعد سے یہ ادارہ ملک کی تعمیر و ترقی میں بھی نہایت اہم رول ادا کر رہا ہے۔ یہ خالص مذہبی تعلیمی ادارہ ہے جس نے ہمیشہ امن وشانتی اور بھائی چارے کا پیغام دیا ہے۔ اس دوران مفتی ابوالقاسم نعمانی نے دارالعلوم کی تاریخ سے متعلق کتابیں بھی افسران کو پیش کیں۔
ایڈیشنل چیف سکریٹری رجنیش کمار دوبے نے بتایا کہ یہ رسمی دورہ ہے، دارالعلوم دیوبند کے بارے میں بہت کچھ سنا اور پڑھا ہے، کافی دنوں سے یہاں آنے کی خواہش تھی، آج یہاں پہنچ کر بہت اچھا لگا، ادارہ کے ذمہ داران سے ملاقات کی اور بہت خوشگوار ماحول میں علمی گفتگو ہوئی۔ ساتھ ہی ادارے کی تاریخی لائبریری کو دیکھ کر خوشی ہوئی، جہاں نایاب اور تاریخی کتابیں موجود ہیں۔ افسران نے لائبریری وغیرہ کے ساتھ دارالعلوم دیوبند کی مشہور مسجد رشید کے علاوہ ادارے کی قدیم اور تاریخی عمارتوں کا بھی معائنہ کیا۔

ضلع مجسٹریٹ اکھلیش سنگھ نے کہا کہ یہ رسمی دورہ ہے، دارالعلوم دیکھنے یہاں پہنچے ہیں۔ادارے کی ذمہ داران سے نہایت خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی۔
کووڈ رہنما خطوط پر عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے ماسک وغیرہ کا مسلسل استعمال کرنے اور ڈبل ویکسینیشن کروانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر کورونا سے لڑنا ہے، سب کے تعاون کی ضرورت ہے اور ویکسینیشن و گائیڈ لائنز پر عمل کرنا لازمی ہے۔

اس موقع پر نگر نگم کمشنر گیانیندر سنگھ، سی ڈی او وجے کمار، ایس ڈی ایم دیپک کمار، دارالعلوم دیوبند کے نائب مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی، نائب مہتمم مفتی راشد اعظمی، مولانا منیر الدین قاسمی، اشرف عثمانی، جامع مسجد سہارنپور کے منیجر مولانا فرید مظاہری، مولانا حسین مدنی، پنڈت ستیندر شرما، مولانا مرتضیٰ، مولانا اسجد اور مولانا عبدالملک سمیت ادارے کے دیگر ذمہ داران اور افسران موجود رہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے